کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل

نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکو نوجوان سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے نوجوان کی شناخت 27 سالہ اسامہ کے نام سے کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیروز آباد کے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نئے شادی شدہ نوجوان شاہ زیب کو قتل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب کورنگی ناصر جمپ بیلچہ ہوٹل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص 30 سالہ رسول بخش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس کے علاوہ  گلشن اقبال الہ دین پارک کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں ڈکیتی کے واردات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس میں کئی لوگ مزاحمت کے دوران اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ کراچی کی پولیس اسے روکنے میں اب تک ناکام ہے۔

گزشتہ ماہ  ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہرمیں ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لیا تھا، ڈکیتی واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں لیکن پھر بھی وارداتوں میں کمی نہ آسکی۔

ایڈیشل آئی جی نے پولیس کو تمام وسائل بروئے کار لاکر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، تمام فیلڈ آفیسرز کو ازخود پولیس پیٹرولنگ کو مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*