ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آج 5 فروری کو یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر کراچی کے عسکری پارک کا نام بدل کر کشمیر پارک رکھ دیا گیا ہے۔
عسکری پارک کا نام کشمیر پارک رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کشمیر پارک سے واک کا آغاز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 3 نئےپارکس کا افتتاح کریں گے، یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر سیاست کے بجائے ایک ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کشمیر کاز پر ہم سب ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ماضی میں بھر پور انداز میں کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے دعویٰ کیا کہ 10 سے 12 دنوں میں شہرِ قائد میں کام ہوتا نظر آئے گا، کراچی میں سڑکوں کی بہتری کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا ہےکہ شہر کی رونقیں بحال کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کام ہے۔
اس سے قبل کراچی کی پرانی سبزی منڈی پر قائم عسکری پارک کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے سپرد کیا گیا تھا جبکہ اس کا نام بھی تبدیل کر کے کے ایم سی ایمیوزمنٹ پارک رکھا گیا تھا۔
سابقہ عسکری و موجودہ کشمیر پارک میں عوام کا داخلہ مفت کر دیا گیا ہے جس میں قائم شادی ہال کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔