مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال جنوری میں 2 ارب 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ ماہ جنوری میں گزشتہ مالی سال جنوری کے مقابلے میں برآمدات میں 18.7 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال جنوری میں 2 ارب 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات تھیں۔
مشیر تجارت نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں برآمدات میں 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور اب تک 17 ارب 67 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں ہے جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 14 ارب 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر برآمدات تھیں۔
انکا کہنا تھا کہ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں کمی کا رجحان بھی نظر آرہا ہے، دسمبر 2021 کے مقابلے میں جنوری 2022 میں درآمدات میں 22 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
مشیر تجارت نے کہا کہ دسمبر میں درآمدات 7 ارب 58 کروڑ ڈالر کی تھیں، جنوری 2022 میں درآمدات 5 ارب 90 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں جبکہ جنوری 2021 میں 4 ارب 80 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی درآمدات تھیں۔