
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی سستی کر دی گئی ہے۔ نیپرا کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق نومبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کے لئے بجلی قیمت میں 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، کے الیکٹرک نے 7 روپے 04 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے نیپرا میں 7 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 27 دسمبر 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے اکتوبر کا ایف سی اے 2 روپے 45 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، اور نومبر کا ایف سی اے اکتوبر کی نسبت صارفین سے 4 روپے 98 پیسے مزید کم چارج کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا، اور اس کا اطلاق لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ اسٹیشنز پر نہیں ہوگا۔