
سول لائن میں فلیٹ سے جاپانی خاتون کی نعش ملی، شہر کے مختلف علاقوں سے چار افراد کی لاشیں برآمد
ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عبدالرزاق کی نمازجنازہ مرکزی شاہراہ پر ادا کی گئی
سنی سائیڈ اپارٹمنٹ سے ملنے والی خاتون کی لاش کی MITCHSU کے نام سے شناخت، سردخانے منتقل کردیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سبزی منڈی کے قریب ہنگورہ گوٹھ میں ہفتے کو لوٹ مار کی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نور رحمان دوران علاج عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا، مقتول کے ورثا اور اہل علاقہ نے بڑھتی ہوئی وارداتوں میں ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سپر ہائی وے پر میت کے ہمراہ احتجاج کیا، احتجاج کے باعث سپر ہائی وے کے دونوں ٹریک پر ٹریفک بلاک ہوگیا جبکہ اطراف میں بھی ٹریفک جام ہوگیا، تاہم پولیس کی جانب سے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے سمیت ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دھانی کرائے جانے پر مشتعل افراد کچھ دیربعد احتجاج کرنے کے بعد از خود پر امن طور پر منتشر ہوگئے، جسکے بعد سپر ہائی وے پر ٹریفک بحال کر دیا گیا، ۔سچل بلاول شاہ نورانی گوٹھ میں جنرل اسٹور میں واردات کی مزاحمت پر ڈاکوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان عبدالرزاق کی نماز جنازہ علاقے کی مرکزی شاہراہ پر ادا کر دی گئی جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے جنرل اسٹور میں تسلی سے واردات کی، واردات کے دوران عبدالرزاق اسٹور سے باہر نکل آیا، ملزمان جب اسٹور سے نکلے تو عبدالرزاق نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے اسے گولی مار دی اور دونوں ملزمان فرار ہوگئے۔دریں اثناآرٹلری میدان کے علاقے سنی سائیڈاپارٹمنٹ کے تیسری منزل کے فلیٹ سے تعفن اٹھنے پر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مذکورہ فلیٹ سے 80سالہ غیرملکی خاتون کی لاش کو اپنے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچایا ،جہاں متوفیہ کی شناخت MITCHSUکے نام سے کی گئی،پولیس کے مطابق متوفیہ جاپانی نڑادہے ،پولیس کے مطابق متوفیہ کی لاش 3سے 4دن پرانی ہے اور بظاہر وجہ موت طبعی معلوم ہوتی ہے پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سردخانے منتقل کردیا ہے۔ڈیفنس کے علاقے فیز6خیابان سحر اسٹریٹ نمبر18پر لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 50سالہ شخص کی لاش کو اپنے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچایا ،جہاں متوفی کی شناخت شنکرلال ولد چمن لال کے نام سے کی گئی ،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ متوفی طبعی موت فوت ہوا ہے ،تاہم جانچ کا عمل جاری ہے۔جہانگیرروڈنمبر2رحمانیہ مسجد کے قریب لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 55سا لہ شخص کی لاش کو اپنے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے سول بعدازاں سردخانے منتقل کردیا ،پولیس کے مطابق متوفی نشئی تھا اور نشے کی زیادتی کے باعث فوت ہوا ہے۔نیوکراچی دعاچوک کے قریب لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 50سالہ شخص کی لاش کو اپنے تحویل میں عباسی بعدازاں کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کردیا۔