الیکشن کمیشن نے حکومت کو سیاسی تقرریوں کے خلاف خط ارسال کیا، جوں تک نہیں رینگ رہی
8 جنوری کو شاہراہ قائدین پر جلسہ عام ہوگا جس میں اعلان کراچی پیش کیاجائیگا پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ 15جنوری کو کراچی میں ہر صورت میں انتخابات کروائے جائیں،الیکشن کمیشن پاکستان اور الیکشن کمیشن سندھ نے سندھ حکومت کو سیاسی تقرریوں کے خلاف خط ارسال کیا لیکن سندھ حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، پیپلزپارٹی اپنی طاقت کے نشے میں خلاف آئین اقدامات کررہی ہے، الیکشن کمیشن اپنی عمل داری کو قائم کر کے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خلاف آئین اقدامات پر توہین عدالت عائد کرے اور 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے باہر فوج اور رینجرز کے اہلکاروں کو تعینات کرے۔آئین کے آرٹیکل 220کے تحت چیف الیکشن کمشنر پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کے اہلکاروں کاتعینات کرسکتے ہیں، 8جنوری کو شاہراہ قائدین پر تاریخی جلسہ عام ہوگا،جس میں اعلان کراچی اورکراچی کے حقوق کے حصول کے لیے لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔پارٹیوں کے جوڑ توڑ سے ان کے ورکرز اورسپورٹرزمیں مایوسی پھیل رہی ہے پارٹی ورکرز مایوس نہ ہوں،کسی صورت میں بھی الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے،جماعت اسلامی کے دروزے سب کے لیے کھلے ہیں، ہم دیگر پارٹیوں کی طرح چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور عوام کے ساتھ مل کرعوام کے حقوق حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ شہر میں ڈاکو اور لٹیرے کھلے عام دندناتے پھررہے ہیں، پولیس چیف کہتے ہیں کہ ڈاکوو¿ں اور لٹیروں کے سامنے مزاحمت نہ کریں تو ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ آخر کراچی کا شہری کیا کرے؟۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی براہ راست 15سال سے سند ھ میں حکومت کررہی ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو امن تک نہیں دے سکی۔