
بلدیاتی حلقہ بندیوں میں درستگی اور تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم کے خط کو جواز بناکر سندھ حکومت کی ساتویں بارالیکشن ملتوی کرانے کی تجویز
صوبائی الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کیلیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا،سندھ حکومت کے خط کے بعد بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی ہونے کا خدشہ
خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی، قانونی نکات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آراسمیت دیگر مسائل بھی شامل ہیں،سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط پر صوبائی الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا
ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندیاں ازسرنو ہوسکتی ہیں، ذرائع کا دعویٰ،اس بار 15جنوری کو شیڈول بلدیاتی انتخابات پہلے بھی چھ بار ملتوی کیے جاچکے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نیا خط لکھے جانے کے بعد شہر قائد میں بلدیاتی الیکشن ساتویں مرتبہ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندی میں درستگی اور تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم نے خط لکھا ہے،خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی، قانونی نکات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا امکان ہے اور بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ واضح رہے کہ کراچی ڈویڑن میں بلدیاتی الیکشن 15جنوری کو شیڈول ہیں جب کہ اس سے قبل بھی کئی بار بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندیاں ازسرنو ہوسکتی ہیں۔۔
