
ماڈل کالونی کے بنگلے مسمار،گھٹن زدہ پلازے، پورشن زیر تعمیر، پٹہ سسٹم اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے حوالے
بلڈنگز انسپکٹرجوڑ توڑ کرانے لگا۔،اسسٹنٹ کمشنرکا اہلکاربلڈر مافیا کا سہولت کار، پانی،بجلی،گیس سمیت پارکنگ مسائل بڑھ گئے
ماڈل کالونی کے رہائشی پلاٹوں پر درجن سے ذائد تجارتی مقاصد کیلئے مارکیٹس اور پورشن بنانے کا سلسلہ بلاخوف وخطر جاری ہے
رہائشی پلاٹ نمبر34شیٹ 4پربیسمنٹ سمیت دو منزلہ پورشن کی تعمیرات مکمل کرکے بجلی،گیس کے میٹرز کے کنکشن کےلئے سرگرمیاں جاری

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ماڈل کالونی کے بنگلے مسمار،گھٹن زدہ پلازے، پورشن زیر تعمیر، پٹہ سسٹم اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے حوالے جبکہ بلڈنگز انسپکٹرجوڑ توڑ کرانے لگا۔ ڈائریکٹر بے بس،اسسٹنٹ کمشنرکا اہلکاربلڈر مافیا کا سہولت کار بن گیا، ماڈل کالونی میں پانی،بجلی،گیس سمیت پارکنگ کے مسائل شدت اختیار کر گئے تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی کے رہائشی پلاٹوں پر درجن سے ذائد تجارتی مقاصد کیلئے مارکیٹس اور پورشن بنانے کا سلسلہ بلاخوف وخطر جاری ہے۔مصروف لیاقت علی خان روڈاور ہاشم رضا روڈ کے دونوں اطراف سمیت علاقوں کے بڑے رہائشی پلاٹوں پر تعمیراتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیو ں پرپلازےاور پورشن تعمیر کیئے جارہے ہیں۔لیاقت علی خان روڈ کے رہائشی پلاٹ نمبر70شیٹ نمبر4 پر ایک منزلہ کمرشل پلازہ زیر تعمیر ہے،مذکورہ زیر تعمیرعمارت پر پارکنگ،ہواوروشنی کیلئے مختص اراضی کو تعمیرات میں لے لیا گیااور گراونڈ پر درجنوں دوکانیں تعمیر کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ رہائشی پلاٹ نمبر 55شیٹ نمبر 4پر دو منزلہ کمرشل پلازہ زیر تعمیرہےجہاں گراونڈ پر درجن دوکانیں پر مشتمل مارکیٹ تعمیر کی جائے گی ? رہائشی پلاٹ نمبر 39شیٹ نمبر5 پر تین منزلہ پورشن زیر تعمیر ہے۔پلاٹ نمبر 21شیٹ نمبر 10کوخلاف ضابطہ 6حصوں میں تقسیم کر کے ایک بڑے حصے پرتجارتی مقاصد کیلئے ایک منزلہ عمارت کی تعمیرات آخری مراحل پر پہنچ گئی ہے تاہم عمارت کے گراونڈ پر زیر تعمیر غیر قانونی14دکانوں کو راو اینڈراو رئیل اسٹیٹ میں 10کروڑروپے میں فروخت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پلاٹ کے دیگر حصوں کوسو سومربعہ گز میں تقسیم کر کے مکانات زیر تعمیر ہیں۔ رہائشی پلاٹ نمبر33شیٹ نمبر9 پر لیڈی رفعت نجی ہسپتال نامی اسپتال زیر تعمیر ہے۔رہائشی پلاٹ نمبر41اور45شیٹ نمبر 13کو کئی حصوں میں تبدیل کر کے پورشن زیر تعمیر ہیں۔

ہاشم رضا روڈ رہائشی پلاٹ نمبر34شیٹ 4پربیسمنٹ سمیت دو منزلہ پورشن کی تعمیرات تقریبا مکمل کرکے بجلی،گیس کے میٹرز کے کنکشن کے لیئے سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ عمارت کی بالکونیوں میں کپڑے لٹکا کر عمارت کو آباد ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ اسی روڈ پر رہائشی پلاٹ نمبر66شیٹ نمبر2 کے گراونڈ پر 6دوکانیں،میز نائن سمیت گھٹن زدہ دومنزلہ عمارت زیر تعمیر ہےجبکہ مذکورہ پلاٹ کو دو حصوں میں غیر قانونی طریقے سے تقسیم کر دیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں پٹہ سسٹم کے تحت ماڈل زون اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی کے حوالے ہے،بلڈنگز انسپکٹر خرم کے ذریعے لوٹ مار کا بازار عروج پر پہنچ گیا ہے جبکہ پٹہ سسٹم نے ڈائریکٹر ضلع کورنگی مجاہد عباس کو بے بس کر رکھا ہے۔ماڈل کالونی کے بڑے پلاٹوں کو غیر قانونی طریقے سے تقسیم (سب ڈیوائیڈ)کر کے پانی، بجلی،گیس سمیت انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جارہا ہے، مصروف لیاقت علی اور ہاشم رضاروڈ کے رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی پلازے، پورشن تعمیر ہونے سے پارکنگ کے مسائل حد درجہ بڑھتے جا رہے ہیں اورحادثات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے? ماڈل کالونی اور سعودآباد کے علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنر سب اسٹیشن ماڈل کالونی کا ملازم امین بہتی گنگا میں غوطے لگارہے ہیں۔یا درہے کہ اس قبل بھی لیاقت علی خان روڈ پر تین رہائشی پلاٹوں پرغیر قانونی کمرشل پلازے تعمیر کر دیئے گئے اس حوالے سے علاقہ مکینوں کی شکایت کو نظر انداز کر دیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے چیئرمین انسداد و رشوت ستانی،وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات،ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو، کمشنر کراچی سے فوری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور ملوث آفسران کے خلاف تادیبی کاروآئی کا مطالبہ کیا ہےبصورت دیگر معزز عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

