الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 ارکان صوبائی اسمبلی کے ڈی نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب اسمبلی کی خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسران ضمنی انتخابات کا پبلک نوٹس 31 مئی کو جاری کریں گے اور کاغذات نامزدگی 4 سے 7 جون کے درمیان وصول کیے جائیں گے۔
نامزد امیدواروں کی فہرستیں 8 جون کو جاری کی جائیں گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک ہوگی۔
ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 15 جون ہوگی اور اپیلٹ ٹربیونل اسی روز اس کا فیصلہ کرے گا۔