بھارت میں 2014 سے برسراقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ہندو انتہاپسند تو ہی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ ملک کی سب سے مالدار سیاسی پارٹی بھی ہے۔
بھارت میں انتخابی اصلاحات پر زور دینے والے غیر سیاسی ادارے ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) نے 20-2019 کے دوران ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ظاہر کردہ اثاثوں اور اخراجات کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی 7 قومی جماعتوں کے کل اثاثوں کی مالیت 69 ارب 88 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد ہے جب کہ ملک کی 44 علاقائی جماعتیں 21 ارب 29 کروڑ 38 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔اے ڈی آر کے مطابق ملک کی سب سے مالدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ہے جس کے کل ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت 48 ارب 47 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد ہے۔