گلگت: گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے، ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ جھٹکے شدید تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں استور، جگلوٹ اور بونجی میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے مقامی افراد خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔
ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ جھٹکے شدید تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے چند روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، بٹگرام، لوئر دیر، صوابی اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 108 کلو میٹر تھی اور مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔