پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے گزشہ ماہ طے کیے گئے ’چارٹر آف رائٹس‘ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کے مثبت نتائج پر یقین کا اظہار کیا ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں جماعتوں نے متفقہ مسودہ تیار کرنے اور نئے لوکل گورنمنٹ قانون میں حتمی ترامیم کے لیے اسے سندھ اسمبلی میں منتقل کرنے پر اتفاق کیا جبکہ معاہدے کے دیگر نکات پر عملدرآمد کے منصوبے کا خاکہ بھی تیار کیا جس میں حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام اور صوبے میں خواتین کی یونیورسٹی کا قیام شامل ہے۔
تازہ پیش رفت دونوں فریقین کے درمیان اجلاس میں سامنے آئی جب پی پی پی کے 2 رکنی وفد نے بہادر آباد میں ایم کیو ایم-پاکستان کے عارضی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور تفصیلی گفتگو کی۔