افغان بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلا کر انہیں واپس بھیجا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(13اکتوبر 2025): وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افغان بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلا کر واپس بھیجا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزری میٹرنٹی ہوم میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سے 19 اکتوبر تک ملک بھر میں پولیو مہم جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو وائرس اب دنیا کے صرف دو ممالک میں باقی رہ گیا ہے، اور بدقسمتی سے پاکستان ان میں شامل ہے، رواں سال صوبے میں پولیو کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو تشویش ناک امر ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین سے رابطے کے لیے چیف منسٹر ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جہاں ان والدین کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کیا جائے گا، ان سے بات چیت کی جائے گی اور پولیو کے قطروں کی اہمیت پر آگاہی فراہم کی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے مزید بتایا کہ افغان بستیوں میں موجود بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ اور دیگر علاقوں میں افغان بچوں کو ویکسین پلانے کے بعد انہیں وطن واپس بھیجا جائے گا تاکہ وائرس کی منتقلی کا سلسلہ رک سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ہر سطح پر پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس قومی مہم میں عوام کی شمولیت سب سے زیادہ اہم ہے۔

ای پی آئی سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں پولیو مہم 7 دن تک جاری رہے گی جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں یہ مہم 5 روز پر مشتمل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے اختتام پر 2 روزہ کیچ اپ مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ رہ جانے والے بچوں کو بھی ویکسین دی جا سکے، سندھ بھر میں تقریباً 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں سے 26 ہزار ورکرز صرف کراچی میں خدمات انجام دیں گے۔

کراچی شرقی میں 329,880 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جہاں 4،479 فرنٹ لائن ورکرز اپنی خدمات انجام دیں گے،اسی طرح ضلع شرقی کے 2,291 اسکولوں اور مدارس میں بھی پولیو ٹیمیں پہنچ کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔

ڈاکٹر راج کمار کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر بچے تک پہنچنا ہمارا مقصد ہے، والدین اپنے بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلائیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*