
کراچی(13 اکتوبر 2025): چڑیا گھر کی ’بی بی‘ نامی ایک چیمپینزی کئی ماہ تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئی، مادہ چیمپینزی کی عمر 40 سال تھی۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے عہدیدار دانیال سیال نے ’بی بی‘ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کی موت کی وجہ طبعی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی بی کافی عرصے سے مختلف طبی پیچیدگیوں میں مبتلا تھی، جو زیادہ تر بڑھاپے کی وجہ سے پیدا ہوئیں، اس کی عمر تقریباً 40 سال تھی۔
ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ مادہ چیمپینزی کو ستمبر 2000 میں پولیس اور وائلڈ لائف کی کارروائی میں پکڑا گیا تھا، مادہ چیمپینزی کو چڑیا گھر انتظامیہ کے حوالے کیا گیا تھا۔
بن مانس، آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں، یہ 4 ممالک سے مکمل طور پر ناپید ہو چکے ہیں اور دیگر مقامات پر بھی غیر قانونی جنگلی حیات کی تجارت اور رہائش گاہوں کی تباہی کے باعث شدید خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
جنگلی حیات اور پودوں کی بین الاقوامی تجارت سے متعلق کنونشن (سی آئی ٹی ای ایس) کے قوانین کے تحت، بن مانسوں کو اپینڈکس I کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جس کے مطابق سوائے چند خاص سائنسی مقاصد کے ان کی خرید و فروخت مکمل طور پر ممنوع ہے۔