
کراچی : غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن میں 21 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ پاکستان رینجرز، سی ٹی ڈی اور سہراب گوٹھ پولیس نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن سہراب گوٹھ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کیا گیا، جہاں علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔
کارروائی کے دوران 21 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا جو غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم تھے۔
پولیس حکام نے کہا کہ زیر حراست افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد غیر قانونی مقیم افغانوں کے لیے قائم کردہ سینٹر میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں واپس افغانستان بھیجنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا، اور اس دوران کسی بھی شخص کو بلا جواز ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ ریاست کی غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے حوالے سے واضح پالیسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جارہا ہے، اور اس سلسلے میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ “کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاستی پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی میں حکومت کی مدد کریں۔