
پشاور : نواحی علاقے متنی کے تھانہ حسن خیل پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں دودہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے متنی میں سکیورٹی فورسز نے حسن خیل پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی، فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آور مارے گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چار دہشت گردوں کو مقابلے میں نقصان پہنچا جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاسکے۔
پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، حملہ آور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھتے تھے۔
پشاور کے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ سات دہشتگردوں کے گروہ نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ اسکول پر خودکش حملے میں سات اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے تھے، پانچ گھنٹے طویل جوابی کارروائی میں چھ دہشتگرد مارے گئے تھے۔
حکام کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھری ٹرک کو ٹریننگ اسکول کے گیٹ سے ٹکرا دیا، جس سے دیوار گر گئی۔ حملہ آور پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے اور انہوں نے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی۔
سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے خودکش جیکٹس، دھماکا خیز مواد اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا ہے اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔