ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں 7 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک

(11 اکتوبر 2025): ڈیرہ اسماعیل خان میں رتہ کلاچی کے علاقے میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر گزشتہ شب دہشت گردوں کے منظم حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں رتہ کلاچی کے علاقے میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر گزشتہ شب دہشت گردوں کے منظم حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا اس حملے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک تریننگ سینٹر کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں دیوار گر گئی اور دو جوان موقع پر شہید ہوگئے۔


ترجمان  کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی، سیکیورٹی پر مامور جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے دستی بموں سے بھی حملے کیے گئے، ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صاحبزادہ سجاد احمد خود موقع پر پہنچے اور آپریشن کی قیادت سنبھالتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا۔ آر پی او سید اشفاق انور بھی موقع پر موجود رہے اور فرنٹ لائن پر جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔ حملے کے دوران سات پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 13 زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق، حملے کے وقت ٹریننگ سینٹر میں تقریباً 200 ٹرینی، اساتذہ اور عملہ موجود تھا جنہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، یوں ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔

دہشت گردوں نے حملے کے دوران پولیس ٹریننگ سینٹر کے ساتھ متصل نادرا آفس کو بھی آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی اور ریکارڈ و املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی بروقت کارروائی اور جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر افسران اور اہلکاروں کی بہادری نے ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی جی پی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے جبکہ سرچ اینڈ کلین آپریشن اب بھی جاری ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*