
اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ میں جدید کمپیوٹرائزڈ نظام شروع کردیا گیا
طلبہ کو طویل سفر طے کرکے بورڈ آفس آنے کی ضرورت نہیں, تمام سسٹم آن لائن کردیا گیا ہے, چئیرمین انٹر بورڈ, فقیر محمد لاکھو,
صوبائی وزیر بورڈز و جامعات اسمٰعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی بورڈز کی بہتری کے لیے فیصلے کیے گئے تھے
رواں سال نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات ای مارکنگ کے تحت لیے جائیں گے,
بجلی کے بحران کے باعث بورڈز کو سولر سسٹم پر لے جانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا
کراچی(رپورٹ: کامران شیخ)
اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چئیرمین فقیر محمد لاکھو نے بورڈ میں جدید نظام کا آغاز کردیا, طلباء و طالبات کو فارمز جمع کرانے سمیت تمام نظام کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے, نئے کمپیوٹرائزڈ نظام سے نہ صرف تمام تعلیمی اداروں کو آسانی میسر ہوئی ہے بلکہ طلبہ کو بھی اب طویل سفر طے کرکے بورڈ آفس آنے کی ضرورت نہیں رہی۔ رواں سال گیارہویں جماعت کے امتحانات بھی ای مارکنگ سسٹم کے تحت لیے جائیں گے جبکہ طلبہ اب گھر بیٹھے پورٹل کے ذریعے اپنا ایڈمٹ کارڈ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں, تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بورڈز و جامعات اسمٰعیل راہو کی زیر صدارت گذشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی بورڈز میں اصلاحات اور پیپرز کو ای مارکنگ سسٹم کے تحت کرانے کی بریفنگ دی گئی تھی, اجلاس میں چئیرمین انٹرمیـڈیٹ بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے بتایا تھا کہ اسلام آباد فیڈرل بورڈ کراچی بورڈ کو مفت میں سافٹ وئیر ٹریننگ اور آئی ٹی سسٹم فراہم کررہاہے جس سے سنفھ میں امتحانی نظام مزید شفاف ہوگا, چئیرمین انٹربورڈ فقیر محمد لاکھو نے نمائندہ قومی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اس جدید نظام کے تحت امتحانات منعقد کیے جائیں گے جبکہ فارمز جمع کرانے کا مرحلہ پہلے ہی آن لائن شروع کردیا گیا ہے, فقیر محمد لاکھو کے مطابق کوئیک پے ,, کورئیر سروس سے ایم او یو سائن کیا جاچکا ہے, طلباء آن لائن فیس جمع کرکے ایڈمٹ کارڈز خود ڈاون لوڈ کرسکیں گے, چئیرمین انٹربورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ میں طلباء و طالبات کے لیے ماضی میں بنایا گیا فیسلیٹیشن سینٹر بھی ختم کیا جارہاہے کیونکہ اب تمام سروس آن لائن میسر ہوگی, کالج اسٹاف یا طلباء کو اب طویل سفر طے کرکے بورڈ آفس نہیں آنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات سمیت بجلی بحران کے باعث لاڑکانہ اورکراچی بورڈ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےسندھ حکومت تعلیمی بورڈز میں جدید نظام پر عملدرآمد کے لیے کوشاں ہے۔
