
نئی دہلی( 10 اکتوبر 2025): بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے چار سال قبل بند ہونے والے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ بھارت کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو اپ گریڈ کر کے اسے سفارتخانے میں تبدیل کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں افغان وزیر خارجہ امیر متقی نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کی، کابل میں سفارتخانہ بحال کرنے کا اعلان دوطرفہ ملاقات کے دوران کیا گیا ہے، افغان وزیر خارجہ امیر متقی ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ افغان وزیر خارجہ نے بھارت کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور امیر متقی نے بھارت کو قریبی دوست قرار دیا ہے اس کے علاوہ افغان وفد نے اپنی سر زمین بھارت کیخلاف استعمال نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا ہے ہم بھارت کی حمایت کرتے ہیں اور ہم بھارت کو قریبی دوست سمجھتے ہیں، امیر متقی کاکہنا ہے اپنی سرزمین پر بھارت مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرینگے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستان افغانستان کو تعلیمی میدان میں مدد فراہم کرے گا جبکہ بھارت نے نئی دہلی اور کابل کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان بھی کیا ہے۔