
اسلام آباد میں مذہبی تنظیم کے احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے۔
مذہبی جماعت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے شہر میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔
انتظامیہ نے اسلام آباد کے داخلی راستوں پرکنٹینرلگا دیےگئے ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دارالحکومت میں موبائل ڈیٹا سروس بھی متاثر ہے اور شہریوں کو موبائل پر انٹرنیٹ کے استعمال میں مسائل کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی بند کے لیے پی ٹی اے کو خط لکھ دیا۔
وزارت داخلہ نے موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی کیلئے خط لکھ دیا
وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہےکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تھری اور فور جی سروسز معطل رہیں گی، انٹرنیٹ کی تھری اور فور جی سروسز آج رات 12 بجے سے اگلے احکامات تک بند رہیں گی۔
خط کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی بندش سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کی گئی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطلی کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔
وزیرداخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں جب کہ اسلام آباد کے کمشنر، آئی جی اور آر پی او راولپنڈی کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔