
کراچی میں ناگن چورنگی پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے ساتھ یہ ناانصافی ہے کہ اس کے مختلف علاقوں کو عجیب و غریب نام دے دیے گئے ہیں جیسے کنواری کالونی، مچھر کالونی، اچانک موڑ، ناگن چورنگی، انڈا موڑ اور ڈسکو موڑ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نام رکھنے والے آخر کون لوگ تھے؟
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پرفیوم چوک کا نام تبدیل کر کے پروفیسر غفور احمد روڈ رکھا گیا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ایسے ناموں کا استعمال بند کریں اور تاریخی یا باعزت ناموں کو فروغ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کالا اسکول جائیں گے اور لوگوں سے درخواست کریں گے کہ اس کا نام بدل کر کسی محسنِ کراچی یا عام پبلک اسکول کے نام پر رکھیں۔