
کراچی : سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد آج اسلام آباد سے کراچی پہنچے گا، جہاں وہ سندھ حکومت سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پراجلاس اور ملاقاتیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد آج اسلام آباد سے کراچی پہنچے گا، سعودی وفد سہ پہر تین بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
سعودی وفد کے خصوصی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد آج سندھ حکومت سےسرمایہ کاری کےمنصوبوں پراجلاس اورملاقاتیں کرے گا۔
سعودی حکومت کا اعلیٰ وفد کل دو روزہ دورے پر لاہور پہنچے گا ، جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت متوقع ہے۔
سعودی حکومت پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔
گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا تھا ، جس میں وزیراعظم سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر ایاز صادق اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور حال ہی میں ہونے والے دوطرفہ تاریخی دفاعی معاہدے کا بھی ذکر کیا۔
اس موقع پر پاک سعودی اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔