ڈی آئی خان: فورسز کی کارروائی میں 7 خوارج ہلاک، بہادری سے لڑتے ہوئے میجر شہید

راولپنڈی (9 اکتوبر 2025): ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی اہم کارروائی کے دوران 7 خوارج ہلاک جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 30 سالہ میجر سبطین حیدر شہید ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں انڈین پراکسی اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے، آپریشن کے دوران ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں کوئٹہ کے 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔


آپریشن کے دوران خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد کو ختم کرنے کیلیے سینی ٹائزیشن آپریشن جا ری ہے، فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلیے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگرد کو ہلاک کیا تھا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجز سمیت 11 جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا جہاں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*