
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کراچی ریلوے اسٹیشن کو لاہور سے کئی گنا بڑا اور جدید بنایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی اسٹیشن میں ایسکلیٹرز، فیملی ہالز، ویٹنگ ایریاز کا کام مکمل ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد اسٹیشن کی بحالی یکم نومبر سے شروع ہوگی جب کہ 80کروڑ روپے کی لاگت سے روہڑی اسٹیشن کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔
حنیف عباسی کے مطابق کراچی تا روہڑی 500 کلومیٹر ٹریک کی اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ٹریک اپ گریڈیشن کا منصوبہ ڈھائی سال میں مکمل کیا جائے گا، 2ارب ڈالر کے پروجیکٹ کے تحت کراچی روہڑی ٹریک نیا بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی انویسٹرز نے روہڑی تا پشاور ریلوے اپ گریڈیشن میں دلچسپی ظاہر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات جاری ہیں، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور کے درمیان چار نئی ٹرینیں چل رہی ہیں اس کے علاوہ ملک بھر کے بڑے اسٹیشنز پر صفائی اور سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں۔
جعفر ایکسپریس کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ٹرین پاکستان کی زنجیر ہے، اسے کسی سازش سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پراکسی وار کرنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے۔ ریلوے کا ہر کارکن ملک کے دفاع میں صف اول کا سپاہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے ملک محفوظ ہے، پاکستان کسی حملے پر خاموش نہیں بیٹھے گا۔ قوم متحد ہے اور دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سوات آپریشن عزت و غیرت کی جنگ تھی، آج بھی عزم وہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں لیڈرشپ کا کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم جہاں بھی جا رہے ہیں، وہاں پاکستان کا وقار بلند ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے۔ جعفر ایکسپریس پر حملہ دراصل پاکستان پر حملہ ہے، جس کا دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
