ای مارکنگ سسٹم ! میٹرک اور انٹر طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

کراچی : سندھ میں ای مارکنگ سسٹم کا آغاز ہوگیا اور متعدد بورڈز نے پیپرز پر تجرباتی عمل شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کی جامعات اور تعلیمی بورڈز میں اصلاحات، کارکردگی اور ای مارکنگ سسٹم کےنفاذ پرصوبائی وزیر اسماعیل راہو کی صدارت تین گھنٹے طویل اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ، تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور افسران نے شرکت کی۔


اجلاس میں محکمہ جامعات کی کارکردگی، بورڈز میں اصلاحات اور پیپرز ای مارکنگ پر کرانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

جس میں بتایا کہ سندھ میں ای مارکنگ سسٹم کا آغاز ہوگیا اور متعدد بورڈز نے پیپرز پر تجرباتی عمل شروع کردیا۔

چیئرمینز بورڈز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا نوابشاہ اور سکھر تعلیمی بورڈ نے تمام امتحانات کو ای پیپرنگ سسٹم اور آٹومیشن پر منتقل کردیا ہے۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد فیڈرل بورڈ کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کو مفت میں سافٹ ویئر، ٹریننگ اور آئی ٹی سسٹم فراہم کر رہا ہے، کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور میرپورخاص بورڈز نے ایک ایک پیپر ای مارکنگ کے تحت لیا، لاڑکانہ بورڈ نے نویں اور گیارہویں جماعت کے پیپرز ای مارکنگ کے تحت منعقد کیے ہیں۔

وزیر جامعات سندھ۔ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ای مارکنگ سے شفافیت اور جدیدیت میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی بحران کے باعث لاڑکانہ اور کراچی میٹرک بورڈز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سولر سسٹم سے امتحانی اور دفتری امور بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

وزیر جامعات نے بورڈز کو ہدایت کی طلبہ کا کوئی مسئلہ تاخیر کا شکار نہ ہو، فوری حل کے لیے مؤثر سسٹم بنایا جائے۔

صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے دیگر تعلیمی بورڈز کو بھی جلد از جلد ای مارکنگ اور آٹومیشن سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

محمد اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ محکمہ جامعات و بورڈز میں اب ترقیوں کا باقاعدہ نظام بنایا گیا ہے تاکہ ملازمین کو بروقت حق مل سکے، محکمہ جامعات و بورڈز سندھ میں قانونی اور پالیسی اصلاحات کی گئی ہیں، یہ تمام اصلاحات صوبائی انتظام اور عوامی خدمت کی بہتری کے لیے اہم ہیں۔

وزیر جامعات نے کہا کہ محکمہ جامعات و تعلیمی بورڈز کی جامعات، وائس چانسلرز، ملازمین و طلبہ کا ڈیٹا آن لائن کردیا گیا ہے، صوبہ سے کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، شفاف امتحانی نظام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ای پیپر مارکنگ کے نفاذ سے سندھ حکومت کے اخراجات، کاغذی استعمال میں کمی اور موسمیاتی بہتری میں مدد ملے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*