بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا کا کہنا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور، تیز اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بھارتی قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں شرکا نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون، اشتعال انگیزی سے خطے میں امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں، بھارتی سرپرستی میں دہشت گرد نیٹ ورکس فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کا خاتمہ کیا جائے گا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سیلابی صورتحال میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں انسداد دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے خطرات، آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، شرکا نے واضح کیا دہشت گردی، جرائم، سیاسی سرپرستی کا گٹھ جوڑ مزید برداشت نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستان، سعودی عرب میں تاریخی اسٹریٹجک ڈیفنس معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ معاہدہ مشترکہ دفاع، ملٹی ڈومین تعاون، علاقائی امن و سلامتی کو مضبوط بنائے گا۔

فورم نے کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کودہرایا، فورم نے فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو بھی دہرایا۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، ڈسپلن، جسمانی فٹنس اور اعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*