عروب جتوئی ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوسکیں

سیشن کورٹ لاہور میں جوئے کی ایپس کی غیر قانونی تشہیر کے معاملے میں ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عروب جتوئی کی ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہ ہوسکیں۔
عروب جتوئی کے وکیل نے عدالت کے سامنے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عروب جتوئی بیمار ہیں اور اس وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے درخواست کے ساتھ عروب جتوئی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی منسلک کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر ساجدہ احمد نے معاملے کی سماعت کی۔ عدالت نے عروب جتوئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 23 اکتوبر تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی پر جوئے کی ایپس کی غیر قانونی تشہیر کا مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔ یہ کیس پاکستان میں آن لائن جوئے کی ایپس کے خلاف چلائے جانے والے بڑے مقدمات میں سے ایک ہے، جس میں نامور یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا شخصیات کو ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
