
کراچی میں بنگلے پر ویڈ کاشٹ کرنے والے ملزم کو ایکسائز پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسائز پولیس نے کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں بنگلے سے 6 کروڑ مالیت کے ویڈ کے 45 پودے برآمد کرلیے۔
ملزم آن لائن طریقے سے ویڈ فروخت کرتا تھا اور زیادہ تر اس کا ٹارگٹ یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء ہوتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم بنگلے کی چھت پر ویڈ کاشت کررہا تھا۔
ایکسائز پولیس کا کہنا ہے کہ 45 پودوں میں 12 کلو کے قریب ویڈ تھی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔
اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ ایک ایکسپورٹ کمپنی کے کنٹینر کو شبے کی بنیاد پر چیک کیا گیا جس میں مصالحہ جات کے کارٹن رکھے گئے تھے۔
ذرائع نے کہا کہ تلاشی کے دوران مصالحوں کی آڑ میں بھاری مقدار میں میتھفیٹامائن (آئس) برآمد ہوئی جس کا وزن 115 کلوگرام تھا۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ کنٹینر کراچی سے سڈنی پورٹ، آسٹریلیا بھیجا جا رہا تھا اور اس سے مجموعی طور پر 1010 پیکٹس برآمد ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔