صنم جاوید کو پشاور کے سول آفیسر میس کینٹ کے قریب سے اغوا کیا گیا، ترجمان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صنم جاوید کے مبینہ اغوا کے معاملے پر ایف آئی آر درج کر لی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ایف آئی آر ایڈووکیٹ حرا بابر دختر محمد بابر شعیب کی مدعیت میں تھانہ شرقی پشاور میں درج کی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صنم جاوید کے اغوا میں ملوث نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی، خیبر پختونخوا حکومت صنم جاوید کو مکمل انصاف دلانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے میں انصاف، قانون اور عزتِ نفس کی حفاظت نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ثابت کی جا رہی ہے، صنم جاوید کو پشاور کے سول آفیسر میس کینٹ کے قریب سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ مضبوط ہوں تو فیصلے بھی مضبوط ہوتے ہیں، پنجاب میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ اپنی حکومت میں ہوا تھا مگر وہاں ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی تھی۔