کوئٹہ: افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑنے کیلیے 3 دن کی مہلت

کوئٹہ (7 اکتوبر 2025): سریاب سب ڈویژن کے افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر افغانستان جانے کیلیے 3 دن کی مہلت دے دی گئی۔

حکام کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا جس میں سریاب سب ڈویژن میں مقیم افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ افغان مہاجرین اپنے کاروبار، دکانیں اور دیگر سرگرمیاں 3 دن کے اندر بند کریں اور رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ملک افغانستان واپس چلے جائیں۔

خبردار کیا گیا کہ مہلت ختم ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے افغان مہاجرین فوکل پرسن سے رابطہ کریں۔

26 ستمبر کو وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں موجود پانچ افغان مہاجرین کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزارت امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران نے افغان مہاجرین کیمپس کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کیمپس کی زمین صوبائی حکومت اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ بند کیے گئے افغان مہاجرین کیمپس میں تین ڈسٹرکٹ ہری پور، ایک ایک ڈسٹرکٹ چترال اور دیر اپر میں تھے، 40 سال پرانے ہری پور کے پنیان کیمپ میں 1 لاکھ سے زائد مہاجرین رہائش پذیر تھے۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق اس وقت افغان مہاجرین کی زیادہ تعداد خیبر پختونخوا میں ہے۔

4 فروری کو وفاقی حکومت نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بھی واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے تمام سفارتخانوں اور افغان سفارتخانے کو بھی خط ارسال کر دیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دوسرے مرحلے میں پروف آف رجسٹریشن رکھنے والے افغان باشندوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالا جائے گا مگر انہیں فوری طور پر بے دخل نہیں کیا جائے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*