
شکارپور (7 اکتوبر 2025): سلطان کوٹ اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حکام کے مطابق راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے 6 مسافر زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، دہشتگردی کا واقعہ سلطان کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے میں کالعدم بی ایل اے ملوث ہے۔
پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے۔ ریلوے حکام کے مطابق سکھر سے امدادی ٹیمیں طلب کی گئیں، متاثرہ بوگیوں کو ہٹا کر پٹڑی کی مرمت کر کے سروس بحال کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کو بھیج کر متاثرہ مسافروں کو بروقت امداد فراہم کی جائے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ 11 مارچ 2025 کو جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی، ٹرین کو بلوچستان کے شہر سبی کے قریب دہشتگردوں نے نشانہ بناتے ہوئے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے یرغمالی مسافروں کو آزاد کروایا، دہشتگرد حملے میں 26 پاکستانی شہری شہید ہوئے تھے اور تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔