
کراچی (کرائم رپورٹر)آباد (ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز) کراچی کے وائس چیئرمین سید افضل حمید نے شہر میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری اور دہشت گردی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی صورت یہ بھتہ خور ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ عناصر کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ہم ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے اور ان کی جڑیں اکھاڑ پھینکیں گے۔سید افضل حمید نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ سرمایہ کار اور بلڈرز کراچی یا ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “کراچی ہماری جائے پیدائش ہے، ہم اسے کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آباد اور کاروباری برادری بھرپور حکمتِ عملی کے ساتھ ان بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے انہیں قانون کے شکنجے میں لانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
وائس چیئرمین نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ “قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارا فخر ہیں، اور ہم ان کے ساتھ مل کر شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔