
اسرائیلی وزارت خارجہ نے سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سمیت غزہ فلوٹیلا میں شامل 171 کارکنان کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔
ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارکنان ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔ غزہ کی جانب گامزن گلوبل صمود فلوٹیلا کی کشتیوں کو اسرائیلی فورسز نے روک لیا تھا اور 470 افراد کو تحویل میں لیا گیا تھا۔
اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق فلوٹیلا میں شامل افراد، جنھیں ڈی پورٹ کیا گیا، کا کہنا ہے کہ اسرائیلی تحویل میں ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے فلوٹیلا کو ’پی آر سٹنٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔
گریٹا تھنبرگ کو دوسری بار اسرائیل کی طرف سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ انھوں نے ماضی میں بھی سمندری راستے سے غزہ پہنچنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ یونان، اٹلی، فرانس، آئر لینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لتھوانیا، آسٹریا، لگزمبرگ، امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ملکوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو یونان اور سلوواکیہ ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔