
کراچی (06 اکتوبر 2025): شہر قائد میں تعمیر شدہ ناتھا خان فلائی اوور کے استعمال کی 50 سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے رواں سال پل پر پانچواں شگاف پڑ گیا ہے۔
کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل، ناتھا خان فلائی اوور پر ایک بار پھر بڑا شگاف پڑ گیا ہے، رواں سال 2025 کا یہ پانچواں شگاف ہے، کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ ناتھا خان فلائی اوور کے استعمال کی پچاس سالہ مدت ختم ہو چکی ہے، یہ پل 1960 میں قائم کیا گیا تھا۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ ناتھا خان فلائی اوور دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے متبادل روڈ درکار ہے، ڈرگ روڈ سروس روڈ کے ساتھ متبادل سڑک کی تعمیر کے لیے سی اے اے حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پل کی دوبارہ تعمیر کے لیے متبادل سڑک کی تعمیر انتہائی ضروری ہے۔
ناتھا خان گوٹھ فلائی اوور پر شگاف کے باعث شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک بدترین ٹریفک جام رہنے لگا ہے، اور مسافروں کی بڑی تعداد اس شگاف کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہے۔ نیز اس ٹریفک جام میں ہیوی ٹریفک اور بوسیدہ مزدا اور بڑی بسوں سے نکلنے والے زیریلے دھوئیں کے باعث لاکھوں موٹر سائیکل سواروں کو اذیت ناک صورت حال کا سامنا ہوتا ہے۔