
کراچی میں بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ پر تاجر برادری میں تشویش لہر دوڑ گئی جبکہ ، کراچی چیمبر نے اراکین اور تاجروں کو کاروباری مراکز اور گھروں پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کردی۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) نے شہر میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اراکین اور تاجر برادری کے لیے فوری سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
چیمبر کے مطابق حالیہ دنوں میں کاروباری برادری کے کئی اراکین کو گولیوں کے خول کے ساتھ بھتہ طلبی کی پرچیاں موصول ہو رہی ہیں جس سے شہر کا امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تاجر برادری کو اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے فوری طور پر اپنے کاروباری مراکز اور رہائش گاہوں پر اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے مناسب بیک اپ اسٹوریج کے ساتھ نصب کرنے چاہییں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ریکارڈ شدہ ویڈیو شواہد متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کیے جا سکیں۔
کراچی چیمبر نے کہا کہ اراکین کا تعاون ان احتیاطی اقدامات پر عمل درآمد میں نہایت اہم ہے تاکہ کاروبار، جائیداد اور خاندان کو محفوظ رکھا جا سکے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔
کراچی چیمبر نے اراکین کو جاری کردہ سیکیوریٹی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کراچی چیمبر کاروباری برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ تاجروں کی سیکیورٹی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ "بیداری، اتحاد اور تیاری کے ذریعے ہم سب مل کر اس خطرناک صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔”