
کراچی : مہنگائی سے ستائے شہریوں کے لیے بری خبر آگئی ، دودھ 300 روپے فی لیٹر ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کے لیے ایک اور مہنگائی کا جھٹکا تیار رہیں کیونکہ ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے گیارہ اکتوبر سے قیمت 300 روپے فی لیٹر کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
کمشنر ہاؤس کراچی میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق ہونے والا اجلاس بےنتیجہ ختم ہوا، اجلاس میں ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے حکومت سے فوری طور پر دودھ کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ سیلاب نے ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث دودھ کی پیداواری لاگت میں 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ فارمرز کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ تقریباً 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات منظور نہ کیے تو وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے اور دودھ کی قیمت 220 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کر دیں گے۔
دوسری جانب کراچی کے شہری اس ممکنہ اضافے سے شدید پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ “اگر دودھ 300 روپے لیٹر ہوگیا تو بچوں کو دودھ کی جگہ پانی پلانا پڑے گا۔”