
کوالالمپور: وزیراعظم شہبازشریف نے پرتپاک استقبال پر ملائیشین ہم منصب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سماجی ربطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پرتپاک استقبال پر ملائیشین وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا پہنچ کر بے حد خوشی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا وہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی ٹیم سے تعمیری ملاقات کے منتظر ہیں، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
گذشتہ روز کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیراطلاعات، پاکستانی ہائی کمشنر اور سفارتی عملے نے استقبال کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کو شاہی پروٹوکول میں لےجایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم نے گرمجوشی سے استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔