’القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہوگا‘: پاکستان کا حماس کے جواب کا خیر مقدم

اسلام آباد (4 اکتوبر 2025): پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ امن منصوبے پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مثبت جواب کا خیر مقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر حماس کے جواب کا خیر مقدم کرتا ہے، یہ موقع فوری جنگ بندی، خونریزی کے خاتمے، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کیلیے اہم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانا ضروری ہے، اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنے چاہئیں، پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہا، امید ہے یہ کوششیں دیرپا جنگ بندی اور جامع و مستقل امن کی راہ ہموار کریں گی۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان تعمیری اور بامعنیٰ کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد، اپنے اصولی مؤقف کی تجدید، خود مختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی ریاست کی بنیاد 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ہونی چاہیے، القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہوگا۔

واضح رہے کہ حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ امن منصوبے کو قبول کرتے ہوئے اس میں ترامیم کیلیے بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔

قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام پر جاری نسل کشی کے بعد ہم جنگ بندی کے سب سے قریب ہیں، پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ، قطر، سعودی عرب، امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے حالیہ بیان نے جنگ بندی اور امن کی ایک نئی راہ کھولی ہے جسے بند نہیں ہونے دینا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں دائمی امن کے قیام کیلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*