
غزہ (04 اکتوبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر حماس کا مثبت ردعمل آتے ہی غزہ میں فلسطینی جشن منانے لگے۔
اردن کے نجی ٹی وی چینل رویا نیوز کے مطابق امریکی تجویز پر غزہ میں جنگ بندی کے سلسلے میں بڑی پیش رفت کے بعد لٹے پھٹے فلسطینی جشن منانے لگے ہیں، حماس کی جانب سے مثبت رد عمل آتے ہی بچوں اور نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے، اور غزہ کی گلیوں میں رونقیں بحال ہوتی دکھائی دیں۔
امن کی جانب پیش رفت کے بعد سے فلسطینی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
واضح رہے کہ الجزیرہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کمی آ گئی ہے۔ وسطی غزہ کے علاقے دی البلح میں رپورٹنگ کرنے والے الجزیرہ کے رپورٹر ہانی محمود نے اطلاع دی کہ ٹرمپ کے اعلان کے بعد حملوں میں کمی آئی ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ صدر ٹرمپ کے مطالبے کے مطابق اسرائیلی بمباری رک گئی ہے یا نہیں۔
تاہم، رپورٹرز کے مطابق غزہ کے شمالی حصے سے اب بھی دھواں اٹھ رہا ہے اور ہلکی فائرنگ اور اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی حرکت کی آوازیں واضح طور پر سنی جا سکتی ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ حماس کے معاہدے پر رضامندی کے بعد ٹرمپ کی بمباری بند کرنے کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے غزہ شہر پر درجنوں فضائی حملے اور توپ خانے کی گولہ باری کی، اور آج صبح سے ہی اس پٹی میں 7 افراد شہید ہو چکے ہیں۔
