
اسلام آباد (3 اکتوبر 2025): پاکستان میں ٹماٹر ٹرپل سنچری کراس کر گیا ادارہ شماریات نے ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔
حالیہ تاریخی اور تباہ کن سیلاب کے بعد ماہرین ملک میں مہنگائی بڑھنے بالخصوص زرعی اجناس کی قیمتوں می اضافے کی پیشگوئی کر رہے تھے، جس کا آغاز ہو گیا ہے اور ملک بھر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت ٹرپل سنچری کراس کر کے اب 400 ہونے کے قریب ہے۔
وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات نے ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹرکی قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اس فہرست کے مطابق سب سے مہنگے ٹماٹر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فی کلو 380 روپے فروخت ہو رہے یں۔
راولپنڈی میں ٹماٹر 360، فیصل آباد میں 350 اور لاہور میں 340 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان میں اس کی قیمت 320 روپے تک جا پہنچی ہے۔
شہر قائد کے باسی 300 روپے فی کلو ٹماٹر خرید رہے ہیں جب کہ پشاور میں بھی اسی قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
سرگودھا، بہاولپور میں 280، حیدرآباد، لاڑکانہ، بنوں میں 250 اور سکھر میں یہی ٹماٹر 240 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتہ میں ٹماٹر کی قیمت اوسطاً 88 روپے 22 پیسے فی کلو بڑھی ہے۔ اس کے علاوہ لہسن، پیاز، آٹا، دالیں، دودھ، خوردنی تیل، گھی، مٹن، سرخ مرچ پاؤڈر بھی مہنگا ہوا ہے۔
برائلر چکن، آلو، ایل پی جی گھریلو سلنڈر سمیت کئی اشیا سستی جبکہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
