
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کامیاب غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، دورے دوران انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، نور خان ائیر بیس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کو کامیاب غیر ملکی دورے پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔
یاد رہے امریکا کے دورے کے دوران انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں وفد کی قیادت کی۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی تھی، جس میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصف منیر بھی شریک ہوئے۔
یہ تیسری مرتبہ تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے 193 رکن ممالک کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، انصاف اور ترقی کے لیے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے ایک مضبوط، شفاف اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے کثیرالجہتی نظام کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ان پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔