
اسرائیلی وزیرخارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو رک جانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے فلوٹیلا میں شامل کشتیوں کو رک جانا چاہیے۔
غزہ کے محصور عوام کے لیے امداد لے جانے والا بین الاقوامی قافلہ گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے قریب پہنچ گیا ہے۔فلوٹیلا میں 40 سے زائد شہری کشتیاں شامل ہیں جن میں پارلیمنٹیرینز، وکلا اور مختلف ممالک کے رضاکار شریک ہیں، سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی قافلے کا حصہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امدادی قافلہ آج کسی بھی وقت غزہ پہنچ سکتا ہے، اسرائیلی بحریہ کے جنگی جہازوں نے فلوٹیلا کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ درجنوں ڈرونز کی پروازوں سے کشتیوں کی سی سی ٹی وی سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔
پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جو اس قافلے کا حصہ ہیں، نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیلی جنگی جہاز نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور حملے کا خدشہ موجود ہے۔ ان کے مطابق ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر تمام افراد نے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں تاہم قافلے کا سفر کسی صورت نہیں رکے گا۔
’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کا مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑتے ہوئے خوراک، ادویات اور ضروری امدادی سامان غزہ کے عوام تک پہنچانا ہے۔
