
کراچی: شہری نے تھانہ شاہ لطیف پولیس پر کروڑوں روپے، سونا اور قیمتی دستاویز لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے درخواست جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں خالد بن ولید روڈ کے شوروم پر پولیس چھاپے کی آڑ میں مبینہ ڈکیتی کا واقعہ سامنے آیا۔
شہری محمد خان نے فیروزآباد تھانے میں درخواست جمع کرائی ہے، جس جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تھانہ شاہ لطیف پولیس نے خالد بن ولید روڈ پر واقع کار شوروم میں چھاپے کی آڑ میں کروڑوں روپے، سونا اور قیمتی دستاویزات لوٹ لیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ واقعہ 16 ستمبر کو پیش آیا، جب شاہ لطیف تھانے کی موبائل ان کے بیٹے وزیر کو گرفتار کرکے لے گئی، پولیس موبائل کے ساتھ ایک سفید گاڑی بھی تھی جس پر نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی۔
محمد خان نے الزام لگایا کہ گرفتاری کے بعد سادہ لباس اہلکار شوروم میں داخل ہوئے اور تجوری سے 78 لاکھ 50 ہزار روپے، گاڑیوں کی دستاویزات، سونا، پاسپورٹس، نادرا دستاویزات، چیکس اور دیگر قیمتی سامان لے گئے۔
درخواست کے مطابق، پولیس اہلکار بورے میں لوٹا گیا سامان ڈال کر لے گئے، جبکہ پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے۔
شہری نے مؤقف اپنایا کہ ان کا بیٹا گاڑیوں کے لین دین اور کنسٹرکشن کا کام کرتا ہے اور یہ کارروائی بلاجواز ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی قانونی کارروائی کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے