
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کا رنچھوڑ لائن چنگ چی رکشہ مافیا کی بدمعاشیوں کے باعث شہریوں کیلئے اذیت کا مقام بن چکا ہے۔ رنچھوڑ لائن سے لسبیلہ چوک تک سینکڑوں چنگچی رکشوں نے ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کر رکھا ہے محکمہ ٹریفک پولیس کا عملہ مکمل مافیا کی سرپرستی میں ملوث ہے جس کے باعث سڑک پر گزرنا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کا قدیمی علاقہ رنچھوڑ لائن چوک اب چنگچی رکشہ مافیا کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ سینکڑوں رکشے اسٹےنڈ پر ہمہ وقت موجود رہتے ہیں جبکہ رنچھوڑ لائن چوک سے لسبیلہ چوک تک مسلسل روانی کے باعث بری طرح ٹریفک متاثر ہورہی ہے۔ سروے رپورٹ میں دیکھے گئے مناطر میں یہ بات سامنے ائی کہ رنچھوڑ لائن چوک پر تعمیر کا کام جاری ہے۔مگر ساتھ ہی چنگچی رکشہ اسٹےنڈ کو بھی ایک مرتبہ پھر مکمل جگہ فراہم کرنے کیلئے ٹریفک پولیس نے انتظامات کئے ہیں۔

رنچھوڑ لائن چوک پر چنگچی رکشہ اسٹےنڈ بننے اورسڑک کے درمیان تک رکشوں کی موجودگی کے باعث سڑک انتہائی سرک چکی ہے اور مسافروں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ قباء مسجد سے لسبیلہ چوک تک کا سفر تقریباً دس منٹ کا تھا جو اب ٹریفک جام اور جگہ جگہ چنگچی رکشوں کی موجودگی کے باعث 35 منٹ سے بھی تجاوز کرجاچکا ہے۔ اگر آپ رنچھوڑ لائن چوک سے لسبیلہ کیلئے سفر کریں گے پہلے آپ کو چنگچی رکشے رنچھوڑ لائن چوک پر بڑی تعداد میں موجود نظر آئیں گے جس کے کچھ ہی فاصلے پر وحید چائے والے کے قریب دوسرا اور چھوٹا رکشہ اسٹینڈ بنایاگیا ہے۔ کچھ مزید فاصلے پر شو مارکیٹ والی گلی کے باہر تیسرا باغ ہالار اسپتال سے قبل چوتھا مزار چوک پر پانچواں اور سات البیلہ سگنل سمیت لسبیلہ چوک تک 11 مقامات پر آپ کو بڑی تعداد میں چھوٹے چھوٹے رکشہ اسٹےنڈ نظر آئیں گے جو کہ بری طرح ٹریفک جام کرنے کا باعث بن رہے ہیں ایک جانب ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن بس سروس منصوبہ کا ترقیاتی کام جاری ہے جس کے باعث نشتر روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ چکا ہے۔ ٹریفک پولیس کے عملے نے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے چنگچی رکشے کی سہولت فراہم کررہی ہے جو کہ ذاتی گاڑیوں میں سوار مسافروں کیلئے اذیت کا باعث بن رہی ہے۔ نشتر روڈ پر چنگچی رکشے کی لین کیلئے ٹریفک سیکشن آفیسر نبی بخش ‘ عید گاہ اور سات لسبیلہ چوک تک ٹریفک پولیس مبینہ طورپر رشوت لینے میں ملوث ہیں۔
علاقائی ذرائع سے یہ بات سامنے آئی کہ فی کس رکشہ ایک مخصوص ٹولہ یومیہ ڈھائی سو روپے رکشہ اسٹےنڈ پر کھڑے ہونے والے چنگچی رکشوں سے وصول کررہا ہے جو کہ تقریباً دن میں 300سے زائد رکشوں کو سروس فراہم کرتا ہے۔رنچھوڑ لائن چوک سے شروع ہونے والی چنگچی رکشہ سروس سرجانی ٹاؤن تک جاری ہے جسے کوئی روکنے والا نہیں ہے او ریہ کراچی میں ٹریفک جام کی ایک سب سے بڑی وجہ ہے یوں تو لیاقت آباد سمیت شہر کے کئی مقامات پر چنگچی رکشہ اسٹےنڈ قائم ہے جن میں لانڈھی او رنیو کراچی بھی سر فہرست ہے۔ چنگچی رکشہ اسٹےنڈ کی سرپرستی ایک مخصوص ماضی کا جرائم پیشہ ٹولہ اور ٹریفک پولیس کررہی ہے۔
