
کراچی کے علاقے لانڈھی سیکٹر 36 بی میں کچرا کنڈی سے 7 سالہ سعد علی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق سعد چھ روز قبل لاپتہ ہوا تھا اور اس کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ لانڈھی میں درج کیا گیا تھا۔ والد کے مطابق بچہ 18 ستمبر کو شام کے وقت گھر سے چیز لینے نکلا تھا، اسکول کے اپنے پہلے دن سے واپس آیا ہی تھا کہ اچانک غائب ہوگیا۔ اہل خانہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے گمشدگی کے بعد تعاون نہیں کیا اور نہ ہی علاقے کے کیمرے چیک کیے۔
لاش ملنے کے بعد جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا، جہاں سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے تصدیق کی کہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سعد کی موت سر پر وزنی چیز لگنے سے ہوئی۔ مزید تفتیش کے لیے مختلف اعضا کے سیمپل لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔
لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ سات سالہ معصوم کی تدفین بعد نمازِ ظہر مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔ یہ افسوسناک واقعہ علاقے میں شدید غم و غصے اور خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے۔