
کراچی کے علاقے تھانہ ملیر سٹی کی حدود میں ملیر کورٹ کے قریب ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں بھینس کالونی سے گلبرگ جانے والی بارات کے شرکاء پر ٹرک ڈرائیور کا بے قابو ٹرک باراتیوں کی گاڑی سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان، راشد اور جمیل، شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد بارات میں شامل افراد شدید مشتعل ہوگئے اور موقع پر کشیدگی پیدا ہوگئی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے تھانہ ملیر سٹی پولیس نے کارروائی کی اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ اس اچانک کشیدگی نے علاقے کو میدانِ جنگ کا منظر بنا دیا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ٹرک ڈرائیور کو تلاش کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

