
کراچی (رائو عمران اشفاق) گلستان جوہر بلاک 1 واٹر بورڈ دفتر کے قریب کنگ بلڈرز کمپنی کے رائیڈر سے 46 لاکھ روپے سے زائد کی مبینہ ڈکیتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر کمپنی کے رائیڈر اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کے سیلز مینیجر عبدالباسط کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ رائیڈر کو 25 لاکھ روپے بینک میں جمع کرانے اور 40 لاکھ روپے نکالنے کے لیے بھیجا گیا تھا، لیکن کچھ ہی دیر بعد رائیڈر عدیل نے اطلاع دی کہ تین نامعلوم ملزمان نے کیش کا لفافہ چھین کر فرار ہوگئے۔ ان کے مطابق ملزمان 46 لاکھ 23 ہزار روپے لے گئے، تاہم گاڑی کی سیٹوں کے نیچے رکھی 19 لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم محفوظ رہی۔
مدعی کے مطابق کمپنی کی ایس او پی کے برخلاف رائیڈر اور ڈرائیور نے بغیر سیکیورٹی گارڈ کے اتنی بڑی رقم منتقل کی اور سیدھا راستہ چھوڑ کر متبادل راستہ اپنایا۔ عبدالباسط نے الزام عائد کیا کہ یہ واردات ان دونوں کی ملی بھگت سے کرائی گئی ہے، لہٰذا ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔