بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا رحجان برقرار ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کورونا وائرس پھیلنے کی شرح 6.74 فیصد رپورٹ کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں کورونا وائرس کی پھیلنے کی شرح 6.54فیصد رپورٹ کی گئی جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 56 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں 27 کوئٹہ، 10 تربت، 10 لسبیلہ، 4 خضدار، 3 پنجگور، ایک سبی اور ایک کیس مستونگ سے رپورٹ ہوا۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 367 ہوگئی جبکہ صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 34ہزار187ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 33 ہزار 328 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ روز صوبے میں کورونا کے 831 ٹیسٹ کئے گئے تھے۔
ماہرین صحت کی اپیل
ماہرین صحت کا کہنا ہےکہ روزانہ رپورٹ ہونے والے زیادہ تر کیسز اومیکرون کے ہیں، فروری کے وسط تک یہ لہر اپنے عروج پر ہوگی۔
ماہرین صحت نے اپیل کی ہے کہ شہری ویکسی نیشن کروائیں اور بوسٹر ڈوزلگوائیں۔
کورونا کا بڑا وار، ایک دن میں 8 ہزار نئے کیسز رپورٹ
ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، پہلی مرتبہ ایک دن میں 8 ہزار 183 نئے کیسزسامنے آگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ نو دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔
این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہوگئی۔