
یوکرین کے وزیرِ اعظم یولیا سویریڈنکو کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ کے دوران پہلی مرتبہ کیئو کی مرکزی سرکاری عمارت حملوں کا نشانہ بنی ہے۔
یولیا سویریڈنکو نے بتایا کہ عمارت کی چھت اور بالائی منزلیں شدید متاثر ہوئیں اور حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
ملک بھر میں ہونے والے حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک بچہ اور کیئو کے سویتوشنسکی علاقے میں نو منزلہ رہائشی عمارت پر حملے میں ہلاک ہونے والی ایک نوجوان خاتون شامل ہیں۔
یوکرین کی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ رات کو ہونے والے تازہ حملے میں روس نے ریکارڈ تعداد میں ڈرونز اور میزائل داغے ہیں جن کی کل تعداد 800 سے تجاوز کر گئی۔
یوکرین کی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ نو میزائل اور 56 ڈرونز نے 37 مقامات کو نشانہ بنایا جن میں سے آٹھ مقامات پر ملبے کے اثرات بھی دیکھے گئے۔
