
سکھر میں بارش کے دوران دو مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق روہڑی میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے جبکہ ریلوے آفیسر کلب کے قریب امام بارگاہ کی چھت گرنے مؤذن جاں بحق ہوا۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 ستمبر تک سندھ کے مختلف حصوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے جس کے تحت گزشتہ روز حیدر آباد، سجاول، ٹھھٹہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپورماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی۔
سکھر میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش سے مرکزی شاہرائیں پانی میں ڈوب گئی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتانا تھا کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی عروج پر ہوگا، انخلا کی تیاری کرلی ہے، فرنٹ کے دیہات سے لوگ نکل چکے، دوسرے مرحلے کے لوگوں کو اگلے 48 گھنٹے تک خالی کرالیں گے۔